ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اننت کمار ہیگڈے کو دکھایا باہرکا راستہ؛ اُترکنڑا کی ٹکٹ کاگیری کو دینے کا اعلان

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اننت کمار ہیگڈے کو دکھایا باہرکا راستہ؛ اُترکنڑا کی ٹکٹ کاگیری کو دینے کا اعلان

Sun, 24 Mar 2024 22:28:18    S.O. News Service

بھٹکل 24/مارچ (ایس او نیوز) اپنے کچھ موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو نئے چہروں کے ساتھ تبدیل کرنے کے اپنے تجربے کو جاری رکھتے ہوئے، بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر اور اُتر کنڑ اکے ایم پی، اننت کمار ہیگڑے کو باہر کا راستہ دکھاتے ہوئے  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں  ان کی جگہ اُترکنڑا حلقہ سے  سابق اسمبلی اسپیکر وشویشور ہیگڈے کاگیری کو  اُمیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔

بی جے پی نے  اتوار کو کرناٹک کے چار حلقوں کے لیے اپنے امیدواروں کی دوسری فہرست کا اعلان کیا، جس میں  ہیگڈے آوٹ ہوگئے اور کاگیری اِن ہوگئے۔

واضح رہے کہ  اننت کمار ہیگڈے نے کئی بار آئین کو تبدیل کرنے کے ارادوں کا حوالہ دیا تھا  ساتھ ساتھ انہوں نے بی جےپی کو اقتدار حاصل ہونے پر کئی مساجد کو مندر میں تبدیل کرنے کا بھی اعلان  کیا تھا۔ انہوں نے   اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنے والے بھی متنازعہ  بیانات دئے تھے اور اِس طرح کے کئی دیگر بیانات دے کر شہ سُرخیوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے تھے، مگر ضلع کے عوام   اس بات کو لے کر ان سے ناراض تھے کہ پانچ بار ممبر آف پاررلیمنٹ رہنے کے باوجود پڑوسی اضلاع کے مقابلے  میں اُترکنڑا کافی  پچھڑا ہوا ہے اور کوئی ترقیاتی کام نہیں ہورہا ہے ۔

دوسری طرف  ویشویشور  ہیگڈے  کاگیری 2023  میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں سرسی اسمبلی حلقہ  سے ہار گئے تھے۔

 کاگیری کو اُترکنڑا کا ٹکٹ دینے کے ساتھ ساتھ بی جےپی نے  بیلگاوی سے سابق وزیر اعلیٰ جگدیش شیٹر کو میدان میں اتارا ہے۔اسی طرح بی جے پی نے سابق وزیر کے سدھاکر کو، جو اسمبلی انتخابات میں ہار گئے تھے،  چکبالاپور سے میدان میں اتارا ہے۔ موجودہ ایم پی بی این بچے گوڑا نے پہلے ہی بی جے پی سے خود کو الگ کر لیا تھا اور کچھ دن پہلے پارٹی کو باضابطہ طور پر چھوڑ دیا تھا۔

پارٹی نے راجہ امریشور نائک کو رائچور سے نامزد کیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی نے مرکزی وزیر مملکت اے نارائن سوامی کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے سسپنس جاری رکھا ہے، جو لوک سبھا سیٹ پر چتردرگا کی نمائندگی کرتے ہیں، کیونکہ اس سیٹ کے امیدوار کا اعلان ہونا باقی ہے۔

اتوار کو مزید چار سیٹوں کے لیے امیدواروں کے اعلان کے ساتھ، بی جے پی نے کرناٹک میں ایک کو چھوڑ کر تمام لوک سبھا سیٹوں کے لیے امیدواروں کے انتخاب کا عمل مکمل کر لیا ہے، کیونکہ پارٹی نے پہلے 20 سیٹوں کے لیے امیدواروں کی فہرست کا اعلان کیا تھا۔

کرناٹک کی کل 28 لوک سبھا سیٹوں میں سے بی جے پی 25 پر الیکشن لڑ رہی ہے جبکہ اس کی اتحادی جنتا دل (ایس) تین سیٹوں پر امیدوار کھڑا کرے گی۔ بی جے پی نے 24 حلقوں کے امیدواروں کا اعلان کیا ہے جبکہ جے ڈی (ایس) پیر کو اپنی پہلی فہرست کا اعلان کرنے والی ہے۔

پہلی فہرست میں بی جے پی نے نو امیدواروں کو تبدیل کیا تھا جبکہ دوسری فہرست میں اس نے تین حلقوں کے امیدواروں کو تبدیل کیا ہے۔


Share: